پاکستان ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

سوشل میڈیا پر نواب مری سے منسوب بیان بے بنیاد، منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے: ترجمان مری ہاؤس

کراچی (ویب نیوز) ترجمان مری ہاؤس نے سوشل میڈیا پر نواب مری سے منسوب گردش کرنے والے بیان کو مکمل طور پر بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواب مری یا ان کے مجاز نمائندوں کی جانب سے ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ بعض عناصر دانستہ طور پر جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات پھیلا کر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں تاکہ عوام میں غلط فہمیاں پیدا کی جائیں۔ ترجمان نے عوام، میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ کسی بھی خبر یا بیان پر یقین کرنے یا اسے شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں اور صرف مری ہاؤس کے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والے مؤقف کو مستند سمجھیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ نواب مری حالیہ دنوں میں اعلیٰ قیادت کے ساتھ مختلف اہم اجلاسوں میں شریک رہے ہیں، جن کی تفصیلات مناسب وقت پر عوام اور میڈیا کے سامنے پیش کی جائیں گی، جبکہ جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا حقائق کی بنیاد پر مؤثر جواب دیا جاتا رہے گا۔