مقامی ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

میٹروپولیٹن کرایہ داروں کے معاملے پر کمشنر کا اجلاس مسترد، انجمن تاجران بلوچستان کا شدید احتجاج

کوئٹہ (ویب نیوز): انجمن تاجران بلوچستان (رجسٹرڈ) نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے کرایہ داروں سے متعلق کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ صوبے کی سب سے بڑی نمائندہ تاجر تنظیم کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا گیا، جو تاجروں کے حقوق کی نفی اور شہر میں بے چینی پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ انجمن کے صدر رحیم آغا، جنرل سیکرٹری ولی افغان اور دیگر رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ چند منتخب افراد پر مشتمل اجلاس تاجروں کی حقیقی نمائندگی نہیں کرتا، اس لیے انجمن ایسے کسی فیصلے کی پابند نہیں ہوگی۔ رہنماؤں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کے کرایہ دار انجمن کے باقاعدہ ارکان ہیں اور ان کے مسائل پر پہلے بھی انتظامیہ سے متعدد مذاکرات ہو چکے ہیں، اس لیے تنظیم کو نظر انداز کرنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کرایہ داروں کے خلاف غیر قانونی کارروائی یا ہراسانی کا سلسلہ جاری رہا تو انجمن تاجران بلوچستان صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ کمشنر کوئٹہ کے طرز عمل اور میٹروپولیٹن کرایہ داروں کے معاملات کا فوری نوٹس لے کر تمام فریقین کو اعتماد میں لیتے ہوئے مسئلے کا منصفانہ اور پائیدار حل نکالا جائے۔