مقامی ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

ہیپاٹائٹس خاموش مگر خطرناک بیماری ہے، بروقت تشخیص اور احتیاط سے بچاؤ ممکن ہے، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش مگر خطرناک بیماری ہے، جس سے بروقت آگاہی، احتیاطی تدابیر اور فوری تشخیص کے ذریعے مؤثر انداز میں بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 جولائی کو عالمی یومِ ہیپاٹائٹس منانے کا مقصد عوام میں شعور بیدار کرنا، بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا اور علاج تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحتِ عامہ کے لیے بڑا چیلنج ہیں، تاہم محفوظ سرنجوں کے استعمال، محفوظ خون کی منتقلی، جراثیم سے پاک طبی آلات، معیاری حجامت اور بروقت طبی معائنے کے ذریعے اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کی ویکسین ضرور لگوائیں، جبکہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاہم اس مرض کے خاتمے کے لیے عوامی تعاون، احتیاط اور آگاہی انتہائی ضروری ہے۔