پاکستان ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

بھارتی وزیر دفاع کا اشتعال انگیز بیان مسترد، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار، دفتر خارجہ

اسلام آباد (ویب نیوز): ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ترجمان کے مطابق جموں و کشمیر تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، جبکہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان حقائق کو مسخ کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی اقدامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کی پالیسیاں علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن رہی ہیں، تاہم پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے متحد اور تیار ہیں۔ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کے مسلسل جارحانہ رویے کا نوٹس لے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو یقینی بنانے کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔