واشنگٹن(ویب نیوز) امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے ایران سے جاری جنگ کے دوران امریکی فوج کے جانی نقصانات سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 624 زخمی ہو چکے ہیں۔ پینٹاگون نے اپنے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے 140 سے زائد نئے زخمی اہلکاروں کا اندراج کیا ہے، جبکہ حالیہ ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے مزید چار فوجیوں کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈی سی اے ایس میں “اوورسیز آپریشنز” کے نام سے نئی کیٹیگری متعارف کرائی گئی ہے، جس میں 7 جولائی سے بیرون ملک کارروائیوں کے دوران ہونے والے جانی نقصانات کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس نئے ڈیٹا کو آپریشن “ایپک فیوری” کے اعداد و شمار کے ساتھ ملا کر دیکھا جائے تو 28 فروری سے ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکی ہلاکتوں کی تعداد 18 اور زخمیوں کی تعداد 624 ہو گئی ہے۔ پینٹاگون کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 11 فوج کا، 6 فضائیہ اور ایک بحریہ سے تعلق رکھتا تھا، جبکہ زخمیوں میں 461 فوج، 86 بحریہ، 58 فضائیہ اور 19 میرینز کے اہلکار شامل ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق نئی کیٹیگری میں شامل نقصانات کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ تمام واقعات کس مخصوص آپریشن یا محاذ سے متعلق ہیں۔
