کوئٹہ (ویب نیوز): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والے ایک نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا گیا ہے، جس کے مبینہ روابط بھارت سے ملتے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے وابستہ ایک شخص کو گرفتار کیا، جس سے تفتیش کے دوران پاکستان مخالف مواد کی تشہیر، سوشل میڈیا مہم اور بیرون ملک سے ہونے والی مبینہ فنڈنگ سے متعلق معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس مبینہ طور پر ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا، غلط معلومات اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پرانی ویڈیوز کو نئے واقعات سے جوڑنے کی کوششوں کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے مفاد، امن اور استحکام کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری رکھے گی۔
