تازہ ترین ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

ایرانی نائب اسپیکر کی یوکرین کو سخت وارننگ، ایران پر ہر حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

کوئٹہ (ویب نیوز) ایران کی پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر علی نیک زاد نے بحیرہ خزر میں ایرانی تجارتی جہاز پر مبینہ یوکرینی حملے کے بعد خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ہر کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں علی نیک زاد نے حملے کو غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے اور ایران پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والا ہر مقام جائز ہدف سمجھا جائے گا۔ انہوں نے برطانیہ، بلغاریہ اور یوکرین پر امریکا کی پالیسیوں کا آلہ کار بننے کا الزام بھی عائد کیا اور امریکا سے خطے سے انخلا کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج امریکا یا اسرائیل کی کسی بھی کارروائی کا سخت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق ہفتے کے روز بحیرہ خزر میں ایرانی تجارتی جہاز پر حملے میں ایک اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا، جس کا الزام ایران نے یوکرین پر عائد کیا ہے۔ دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بحیرہ خزر میں ایک جہاز سمیت روس سے متعلق اہداف پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں روسی حملوں کے جواب میں کی جا رہی ہیں اور ان میں ایران سے فوجی سامان کی ترسیل سے منسلک بعض جہاز بھی نشانہ بنائے گئے۔