پاکستان ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

ہزاروں ٹن پیٹرول غائب، ایف بی آر کو سوا ارب روپے سے زائد نقصان کا انکشاف.

اسلام آباد (ویب نیوز) آئل انڈسٹری میں ٹیکس چوری کا ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے، جہاں دستاویزات کے مطابق ایک نجی کمپنی کی جانب سے کسٹم بانڈڈ ویئر ہاؤس سے خفیہ طور پر اربوں روپے مالیت کا پیٹرول منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ دستاویز کے مطابق کمپنی نے تین درآمدی کنسائنمنٹس کے ذریعے 18 ہزار 48 میٹرک ٹن پیٹرول درآمد کیا، تاہم فزیکل انسپکشن کے دوران ویئر ہاؤس میں صرف 9 ہزار 699 میٹرک ٹن اسٹاک موجود پایا گیا، جبکہ 8 ہزار 348 میٹرک ٹن پیٹرول غائب تھا۔ اس مبینہ بے ضابطگی کے باعث ڈیوٹی، ٹیکسز اور لیوی کی مد میں قومی خزانے کو ایک ارب 25 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ایف بی آر اور کسٹمز حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ متعلقہ اداروں سے بھی ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔