تازہ ترین ۲۶ جولائی ۲۰۲۶

بلوچستان میں انسدادِ دہشتگردی فورس اور پولیس کی استعداد مزید بہتر بنانے کا فیصلہ.

کوئٹہ (ویب نیوز)بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانے کے لیے انسدادِ دہشتگردی فورس اور پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے، جبکہ صوبے میں پائیدار امن کے لیے ماسٹر پلان پر فوری اور مؤثر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں پولیس کو مزید مضبوط بنانے، سابق پولیس سربراہان کے تجربات سے استفادہ کرنے اور وفاق کی جانب سے درکار وسائل کی فراہمی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہے گی، کسی دباؤ میں نہیں آئے گی، ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم رکھی جائے گی اور امن، ترقی، تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے ذریعے بلوچستان کو خوشحال بنایا جائے گا۔