کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان کے معروف ٹرانسپورٹرز اور آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے السیف کمپنی کی مسافر بس پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مسافروں کو نشانہ بنانا کھلی بربریت اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ مشترکہ بیان میں میر حاجی حکمت لہڑی، میر حاجی دولت خان لہڑی، حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی، میر اکبر لہڑی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم شاہراہیں مسلح گروہوں کے رحم و کرم پر دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے، قومی شاہراہوں پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور مسافر گاڑیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ عوام بلا خوف و خطر سفر کر سکیں۔ رہنماؤں نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
