کوئٹہ (ویب سائٹ)پشتونخوا نیشنل عوامی~ پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ نے مستونگ میں قومی شاہراہ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین محمد زمان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جبکہ زخمی ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دیگر افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مستونگ، کھڈ کوچہ، منگوچر، خضدار، زیارت، ہنہ اوڑک اور جنوبی پشتونخوا کے دیگر علاقوں میں مسلسل دہشت گرد حملے، ٹارگٹ کلنگ اور شاہراہوں پر مسافروں کے قتل کے واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایف سی، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی بھاری نفری اور متعدد چیک پوسٹوں کے باوجود دہشت گردوں کا آزادانہ کارروائیاں کرنا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر مستعفی ہو کیونکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کے بعد اس کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی، سیاسی یا آئینی جواز باقی نہیں رہا۔ پارٹی نے مستونگ سمیت حالیہ تمام دہشت گرد واقعات کی آزاد، شفاف اور غیرجانبدار عدالتی تحقیقات، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی فوری گرفتاری، سخت سزا اور امن و امان کے ذمہ دار اداروں کا مکمل احتساب کرنے کا بھی مطالبہ کیا، جبکہ خبردار کیا کہ اگر حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری نہ کر سکی تو پارٹی دیگر جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن کی بحالی کے لیے ہر آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کرے گی۔
