کوئٹہ(ویب نیوز)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان، گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور پرچون گڈز ایسوسی ایشن نے بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر بڑھتی ہوئی بدامنی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خضدار سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے تفتان تک شاہراہیں غیر محفوظ ہوچکی ہیں، جس سے سامان کی ترسیل اور تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں۔ رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ مسلح افراد گاڑیاں روک کر سامان لوٹ رہے ہیں، گاڑیوں کو نذر آتش کیا جا رہا ہے اور ڈرائیوروں سے بھتہ طلب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مؤثر سیکیورٹی اور تحفظ کی فراہمی تک ہڑتال اور لوڈنگ کی بندش جاری رہے گی، جبکہ آرمی چیف، چیف جسٹس پاکستان، کور کمانڈر بلوچستان اور دیگر حکام سے فوری مداخلت اور قومی شاہراہوں پر ریاستی رٹ بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
