پنجگور(ویب نیوز)پنجگور کے چیدگی بارڈر جوائنٹ مارکیٹ کے 50 سے زائد دکانداروں کو مالکانہ حقوق کی دستاویزات حوالے کر دی گئیں، جس کے بعد کئی برسوں سے منتظر کاروباری برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں کمانڈنٹ ایف سی پنجگور رائفلز میجر جنرل ظفر اقبال اور ڈپٹی کمشنر پنجگور جہانزیب بلوچ نے دکانداروں میں مالکانہ اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مارکیٹ کو جلد فعال کر کے باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا تاکہ سرحدی تجارت کو فروغ ملے اور مقامی معیشت مستحکم ہو۔ انہوں نے دکانداروں پر زور دیا کہ وہ مقررہ قوانین پر عمل کرتے ہوئے اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کریں، ضروری اشیا کی فراہمی یقینی بنائیں اور پاکستان و ایران کے درمیان قانونی اور مثبت تجارتی روابط کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
