قلعہ عبداللہ(ویب نیوز)مستونگ میں قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں شہید ہونے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کا تعلق ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے توبہ کاکڑی سے تھا، جہاں شہادت کی خبر پہنچتے ہی فضا سوگوار ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق شہید عبدالحکیم کاکڑ ایک دیانت دار، فرض شناس اور باصلاحیت جوڈیشل افسر تھے جنہوں نے اپنی پوری سروس کے دوران ذمہ داری اور ایمانداری سے فرائض انجام دیے۔ ان کی شہادت پر عوام، وکلا برادری، سماجی و سیاسی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی شدید مذمت کی اور شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ مستونگ حملے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین شہید جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے، واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
