کوئٹہ (ویب نیوز) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی یومیہ قیمتوں کے تعین کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو کر 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈیزل 55 روپے 81 پیسے فی لیٹر جبکہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول 20 روپے 81 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے، جہاں برینٹ کروڈ 101.8 ڈالر اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 93.24 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔
