کوئٹہ (ویب نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے انڈس راس ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، روبوٹکس، ڈرونز، آٹونامس سسٹمز اور سائبر سیکیورٹی پاکستان کی معیشت، سلامتی اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور مقامی سطح پر ڈرونز کی تیاری میں بھی اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرے گا اور آٹونامس سسٹمز کے لیے واضح قانون سازی اور اخلاقی فریم ورک بھی تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ثمرات صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ کسانوں، چھوٹے کاروباروں، خواتین اور نوجوانوں کو بھی اس سے فائدہ پہنچے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ’’اسپارک اینڈ ایلیویٹ‘‘ پروگرام کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔
