مقامی ۲۲ جولائی ۲۰۲۶

سانحہ زیارت اور ہنہ اوڑک امن و امان کی ناکامی کی علامت ہیں، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی جنوبی پشتونخوا کی صوبائی ایگزیکٹو نے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ زیارت، سانحہ ہنہ اوڑک اور دیگر حالیہ واقعات کو حکومتی ناکامی قرار دیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ قومی شاہراہوں پر بڑھتی بدامنی، دہشت گردی، فائرنگ اور شہریوں کی ہلاکتوں نے عوام میں شدید عدم تحفظ پیدا کر دیا ہے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ سانحہ زیارت، سانحہ ہنہ اوڑک اور دیگر واقعات کی آزاد، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے، قومی شاہراہوں کو محفوظ بنایا جائے اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ پارٹی امن، جمہوریت، قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔