مقامی ۲۲ جولائی ۲۰۲۶

بلوچستان کی قومی شاہراہیں غیر محفوظ، حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہے جے یو آئی نظریاتی

کوئٹہ(ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام نظریاتی پاکستان کے قائم مقام امیر مولانا عبدالقادر لونی، مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر بدامنی، ڈکیتی، قتل اور دیگر جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک ہیں اور حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر شہریوں، تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم موجودہ صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے تاجروں اور مسافروں کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہوں سمیت پورے صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔