کوئٹہ(ویب نیوز) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق رکن صوبائی اسمبلی قادر علی نائل کی قیادت میں ایک وفد نے سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلوچستان محمد ہاشم غلزئی سے ملاقات کی، جس میں ہزارہ ٹاؤن اور حلقہ پی بی 40 میں پانی سے متعلق جاری، مکمل شدہ اور زیر التوا منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں واسا اور پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام نے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی، جبکہ وفد نے 2019 سے 2024 کے دوران شروع کیے گئے نامکمل منصوبوں کی جلد تکمیل اور پانی کے بحران کے مستقل حل پر زور دیا۔ سیکریٹری پی ایچ ای اور متعلقہ افسران نے یقین دہانی کرائی کہ تمام نامکمل اسکیمیں جلد مکمل کی جائیں گی، جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے گی اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے باقاعدہ ریویو اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ وفد نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون اور مسلسل نگرانی سے ہزارہ ٹاؤن اور پی بی 40 کے عوام کو درپیش پانی کے مسائل کا مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے گا۔
