کوئٹہ(ویب نیوز) آل واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کے صدر جمیل خان اچکزئی اور آل واٹر سپلائی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد حنیف اچکزئی نے ٹریفک پولیس کے مبینہ غیر قانونی چالانز اور انتظامی مشکلات کے خلاف غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ این او سی ہونے کے باوجود پولیس اور ضلعی انتظامیہ واٹر ٹینکر مالکان کو بلاجواز ہراساں کر رہی ہے، جبکہ ٹریفک پولیس روزانہ ہزاروں روپے کے چالان کر رہی ہے جس سے کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ واٹر ٹینکر مالکان نے بھاری سرمایہ کاری سے پانی کی فراہمی کا نظام قائم کیا ہے لیکن انہیں نہ بجلی پر سبسڈی دی جاتی ہے اور نہ ہی دیگر سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پی ایچ ای کا موجودہ مانیٹرنگ نظام بھی مسائل میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی اور حکومت سے فوری مذاکرات و مسائل کے حل کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ ٹریفک پولیس اور متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔
