کوئٹہ(ویب نیوز) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے آل واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹینکر مافیا کے خلاف فوری، سخت اور بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پانی کے شدید بحران اور واسا کی ناقص کارکردگی کے باعث شہری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ٹینکر مالکان مبینہ طور پر من مانے نرخ وصول کرکے عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کو کاروبار بنانا اور ہڑتال کی دھمکی دے کر شہر کو یرغمال بنانے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔ کاشف حیدری نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی نرخ وصول کرنے، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور عوامی استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور شہریوں کو صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ واضح رہے کہ واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن اپنے مؤقف میں انتظامی مسائل اور مبینہ غیر قانونی چالانوں کو ہڑتال کی وجہ قرار دے چکی ہے۔
