اسلام آباد،کوئٹہ( ویب سائٹ ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ و پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی پارلیمنٹ ہاؤس اپوزیشن لابی میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور موجودہ قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک میں جاری سیاسی کشیدگی، پارلیمانی معاملات اور اپوزیشن جماعتوں کے باہمی تعاون کے حوالے سے مختلف امور پر مشاورت کی۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کی کارروائی، حکومتی طرزِ عمل اور اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پارلیمان کو عوامی مسائل کے حل اور جمہوری استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی حالات میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں اور مشاورت کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
