مقامی ۲۲ جولائی ۲۰۲۶

نیشنل پارٹی نے بلوچستان میں آپریشن کی حمایت سے متعلق خبروں کو مسترد کر دیا

کوئٹہ(ویب نیوز)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بعض ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر پارٹی قیادت کی اسلام آباد میں ہونے والی سیاسی ملاقاتوں سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو گمراہ کن، بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نیشنل پارٹی بلوچستان میں طاقت کے استعمال یا کسی بھی قسم کے آپریشن کی حمایت نہیں کرتی۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں حکومتی قیادت سے ملاقات کے دوران پارٹی نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی نوعیت کا ہے، جس کا پائیدار حل صرف سیاسی مکالمے، جمہوری عمل، اصلاحات اور مثبت اقدامات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے اور صوبے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے سیاسی عمل کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے، جبکہ طاقت کا استعمال مسائل کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔ نیشنل پارٹی نے میڈیا سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ خبروں اور منفی پروپیگنڈے سے گریز کیا جائے، ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا جائے اور کسی بھی خبر کی اشاعت یا نشر سے قبل حقائق کی مکمل تصدیق کو یقینی بنایا جائے۔