کوئٹہ(ویب نیوز) شہید میجر محمد انور کاکڑ کی پہلی برسی کے موقع پر کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور ان کی عظیم قربانی، جرات اور حب الوطنی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کور کمانڈر نے کہا کہ بلوچستان کا یہ بہادر سپوت وطن کے امن اور دفاع کے لیے اپنی جان قربان کر کے ہمیشہ کے لیے امر ہوگیا، جبکہ پوری قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاک فوج شہدا کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کو اپنی قومی و اخلاقی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی، پاکستان کے امن، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
