مقامی ۲۲ جولائی ۲۰۲۶

غفلت اور بدانتظامی ثابت، سابق ایکٹنگ ایس ڈی پی او تربت انسپکٹر شیر جان ملازمت سے برخاست

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان پولیس نے غفلت، بدانتظامی اور محکمانہ قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر سابق ایکٹنگ ایس ڈی پی او تربت انسپکٹر شیر جان کو پولیس سروس سے برخاست کر دیا۔ ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات، محکمانہ انکوائری اور ذاتی سماعت کے باوجود انسپکٹر شیر جان اپنے خلاف الزامات کی مؤثر تردید یا کوئی قابل قبول جواز پیش نہ کر سکے، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ بلوچستان پولیس میں احتساب کا عمل جاری ہے اور فرائض میں غفلت، اختیارات سے تجاوز یا قواعد کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔