کوئٹہ(ویب نیوز) ریلویز پولیس نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی آئس (کرسٹل میتھ) اور چرس برآمد کرتے ہوئے دو مبینہ اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق پہلی کارروائی میں ریلوے اسٹیشن کوئٹہ پر ضلع پتوکی کے رہائشی ماجد کے قبضے سے گھی کے گیلن میں چھپائی گئی 11 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ دوسری کارروائی میں جعفر ایکسپریس سے بہاولپور کے رہائشی کامران کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 17 پیکٹ چرس اور ایک پیکٹ آئس برآمد کیا گیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان نے کامیاب کارروائی پر اہلکاروں کے لیے انعامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
