کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی) تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں نامعلوم مسلح افراد نے مسافر کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسافر کوچ کو کھڈ کوچہ کے مضافاتی علاقے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کلیئرنس اور ٹارگٹڈ آپریشن کیے، جن کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، ضلع سوراب میں 7 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ ضلع مستونگ میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور کالعدم تنظیم فتنہ الہند سے تعلق رکھنے والی 2 خودکش بمبار خواتین کو ایک سہولت کار سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے میں اب بھی مسلح افراد اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا عزم کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، حالیہ واقعات کے پیش نظر کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ مختلف مقامات پر بند ہے۔ تاجر برادری اور مختلف سیاسی جماعتوں نے شاہراہوں پر بڑھتی ہوئی بدامنی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان میں شاہراہوں کو محفوظ بنانے اور مسافروں و ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئے روز عام شاہراہوں پر کسی کی جان و مال محفوظ نہیں، باؤزرز اور دیگر گاڑیوں کو آگ لگا کر نذر آتش کر دیا جاتا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔



