مقامی ۲۱ جولائی ۲۰۲۶

ملائکہ خان خلجی نے کھوسر گنگ چوٹی سر کر کے بلوچستان کی پہلی خاتون کوہ پیما کا اعزاز حاصل کر لیا

کوئٹہ (ویب نیوز)کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ ملائکہ خان خلجی نے قومی ویمن ایکسپڈیشن 2026 کے دوران کھوسر گنگ چوٹی کامیابی سے سر کر کے بلوچستان کی پہلی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ملائکہ، جو بلوچستان انسٹی ٹیوٹ فار ٹورازم، ہاسپیٹلٹی اینڈ کلچر مینجمنٹ کی طالبہ ہیں، مہم میں شریک کم عمر ترین پاکستانی خاتون کوہ پیما بھی رہیں۔ انہوں نے چوٹی پر قومی پرچم لہرا کر اس کامیابی کو اپنے والدین، اساتذہ اور بلوچستان کے عوام کے نام کیا۔ مختلف سماجی، تعلیمی اور کھیلوں کے حلقوں نے ان کی کامیابی کو بلوچستان کی خواتین کے لیے نئی امید اور حوصلے کی علامت قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ باصلاحیت نوجوان خواتین کی سرپرستی اور بین الاقوامی سطح پر تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔