کوئٹہ(ویب نیوز)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے بلوچستان گرینڈ الائنس کے 50 سے زائد ملازمین کی گرفتاری، تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی اور سرکاری ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار ملازمین کو فوری رہا کیا جائے اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری اور ملازم کا آئینی و جمہوری حق ہے، جسے طاقت کے ذریعے دبانا افسوسناک اور جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں، درجنوں پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ اور دیگر تادیبی اقدامات قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے بلوچستان حکومت پر زور دیا کہ گرینڈ الائنس، ڈی آر اے اور دیگر نمائندہ تنظیموں کے ساتھ فوری مذاکرات شروع کیے جائیں، تھری ایم پی او کے تحت جاری احکامات واپس لیے جائیں اور ملازمین کے آئینی، جمہوری اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
