مقامی ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

شہداء کے لواحقین کا صبر و استقامت قابل تحسین ہے، عبدالرحیم زیارتوال

کوئٹہ(ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی قیادت میں پارٹی وفد نے زیارت، سنجاوی اور لورالائی میں سانحہ زیارت کے پولیس شہداء کے گھروں کا دورہ کرکے فاتحہ خوانی، تعزیت اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ زیارت پولیس سانحہ کے شہداء کے لواحقین نے کوئٹہ کے کوئلہ پھاٹک پر منظم اور پُرامن احتجاج و دھرنا دے کر صبر و استقامت کی مثال قائم کی، جس کی پارٹی قدر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور موجودہ حالات میں اتحاد، قومی یکجہتی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔ انہوں نے اگست میں جنوبی پشتونخوا میں مجوزہ اولسی جرگے کی تیاری پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی قومی مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔