مقامی ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں، جے یو آئی نظریاتی

کوئٹہ: (ویب نیوز): جمعیت علمائے اسلام نظریاتی پاکستان کے قائم مقام امیر مولانا عبدالقادر لونی، مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین اور دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں سے عالمی اور علاقائی امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور جنگیں ہمیشہ تباہی، بدامنی اور عدم استحکام کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے، جبکہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی سربراہی اجلاس بلا کر مسلم ممالک کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری تنازعات سے عالم اسلام کی معیشت، دفاع، تجارت اور سفارتی تعلقات متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے مسائل کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات، سفارت کاری، عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے احترام میں مضمر ہے۔ بیان پر مولانا عبدالروف، مولانا ڈاکٹر شمس الہدیٰ، نجیم خان ایڈووکیٹ، مولانا محمود الحسن قاسمی، سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی، حاجی حیات اللہ کاکڑ، قاضی گل الرحمن نکیال، مولانا ثناء اللہ، مولانا عزیز احمد شاہ امروٹی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی دستخط کیے۔