کوئٹہ(ویب نیوز): بزدار قومی اتحاد نوجوانان اور سید قوم کے معتبرین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے یونین کونسل راڑہ شم اور اندر پور کو کوہ سلیمان ڈویژن میں شامل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تاریخی، عوامی اور زمینی حقائق سے ہم آہنگ قرار دیا ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ راڑہ شم اور اندر پور تاریخی، جغرافیائی، سماجی، قبائلی اور ثقافتی لحاظ سے ہمیشہ کوہ سلیمان کے خطے کا حصہ رہے ہیں اور مقامی آبادی کی زبان، روایات، معاشرت اور باہمی روابط بھی اسی حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ نے سیاسی مصلحت کے بجائے عوامی مفاد، تاریخی حیثیت اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا، جس سے عوام کا اعتماد بحال ہوگا اور انتظامی استحکام و علاقائی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔ معتبرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کوہ سلیمان ڈویژن کے پسماندہ علاقوں میں سڑکوں، تعلیم، صحت، آبنوشی، زراعت اور روزگار کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام اس فیصلے کے عملی ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
