مقامی ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

محکمۂ تعلیم بلوچستان کی کوسٹر بس پر اندھا دھند فائرنگ

مستونگ: کوئٹہ۔(ویب نیوز): کراچی قومی شاہراہ پر مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے محکمۂ تعلیم بلوچستان کی کوسٹر بس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق کوسٹر بس کوئٹہ سے پنجگور جا رہی تھی کہ حملہ آوروں نے راستے میں اسے نشانہ بنایا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دو زخمیوں کی تشویشناک حالت کے باعث انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس نے حملے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔