کوئٹہ (ویب نیوز): ایران کے سینئر فوجی مشیر محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملے جاری رکھے تو تہران موجودہ تنازع کو مکمل علاقائی جنگ میں تبدیل کر دے گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اب جنگ یا مذاکرات کی سابقہ پالیسی ختم ہو چکی ہے، جبکہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایران نے کشیدگی کو خطے میں پھیلنے سے روکنے کی حکمت عملی اپنائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے باوجود ایران نے کویت یا دیگر امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ نہیں بنایا، تاہم امریکا کو پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا کہ مزید حملوں کی صورت میں جنگ علاقائی سطح تک پھیل سکتی ہے۔ محسن رضائی نے کہا کہ ایران کی حکمت عملی دفاعی بازداریت اور بھرپور جوابی کارروائی پر مبنی ہے، دشمن کے ہر حملے کا زیادہ طاقتور جواب دیا جاتا ہے تاکہ اسے مزید جارحیت سے روکا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کے اقدامات بھی اسی دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
