کوئٹہ (ویب نیوز): ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ معاہدوں کی بار بار خلاف ورزی نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط بے وقعت، بے معنی اور ناقابلِ اعتماد ہیں۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ حالیہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) نے ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا ہے کہ امریکی وعدوں اور دستخطوں کی کوئی حقیقی حیثیت نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی طرزِ عمل غنڈہ گردی، تسلط اور جارحیت پر مبنی ہے اور اس نے اپنی بددیانتی، غیر معقولیت اور وعدہ خلافی کا ایک اور ثبوت پیش کیا ہے۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا کو ایک بار پھر “شیطانِ بزرگ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران امریکی دباؤ کے باوجود اپنے قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
