کوئٹہ (ویب نیوز): نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو جنگی جرائم کے الزامات کا سامنا کرنے والا رہنما قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی متوقع نیویارک آمد کے موقع پر گرفتاری سے متعلق شہر کے محکمہ قانون سے مشاورت جاری ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ظہران ممدانی نے کہا کہ عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے نامزد کیے جانے کے بعد نیتن یاہو کی جگہ دی ہیگ میں ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آنے والے ہیں، تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا انہیں غیر ملکی رہنما کی حیثیت سے گرفتار کرنے کے لیے نیویارک پولیس کو احکامات دینے کا قانونی اختیار حاصل ہے یا نہیں، اسی لیے اس معاملے پر قانونی مشاورت جاری ہے۔
