کوئٹہ (ویب نیوز): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ پشتون اولس قومی جرگے کے تحت جلد کوئٹہ میں ایک بڑا قومی جرگہ منعقد کیا جائے گا، جس میں پشتون قوم کے تمام سیاسی قائدین، قبائلی عمائدین، علما کرام، سماجی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ قوم کو درپیش چیلنجز، امن و امان کی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشترکہ فیصلے کیے جا سکیں۔ زیارت سانحہ کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو وقتی طور پر اپنے اختلافات اور معمول کے سیاسی پروگرام پس پشت ڈال کر ایک صف میں کھڑا ہونا ہوگا، کیونکہ اتحاد کے بغیر قوم کو درپیش مسائل اور جبر کا مقابلہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پشتون قوم اپنے شہدا اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ نواب ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ مشترکہ مشاورت اور قومی اتحاد کے ذریعے ہی پشتونخوا وطن کے بہتر، پرامن اور روشن مستقبل کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
