مقامی ۱۸ جولائی ۲۰۲۶

سانحہ زیارت پر سیاسی جماعتوں کا اتحاد خوش آئند، دہشت گردوں اور مسلح گروہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، عوامی نیشنل پارٹی

کوئٹہ (ویب نیوز): عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان نے کہا ہے کہ سانحہ زیارت جیسے دلخراش واقعات نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنتے ہیں، لہٰذا ریاست دہشت گرد تنظیموں، مسلح گروہوں اور ڈیتھ اسکواڈز کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے۔ پارٹی کے صوبائی بیان میں کہا گیا کہ شہدا کے لواحقین اور احتجاجی دھرنے کے شرکا نے جس صبر، استقامت اور پرامن جدوجہد کا مظاہرہ کیا وہ پشتون قوم کے اجتماعی شعور اور امن پسندی کی روشن مثال ہے۔ بیان میں تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے اتحاد و یکجہتی کے مظاہرے کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری سیاسی قیادت ایک صفحے پر کھڑی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے کوئٹہ کے شہریوں، سول سوسائٹی، خواتین، نوجوانوں اور بچوں کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پشتونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے دہشت گرد تنظیموں، مسلح گروہوں اور ڈیتھ اسکواڈز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی قیادت میں ایک وفد نے ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں شہدائے زیارت کی نماز جنازہ میں شرکت کی، شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔