کوئٹہ (یو این اے) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تربیت مکمل کرنے والی 500 خواتین کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور انہیں جدید کاروباری مہارتوں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مارکیٹنگ اور خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پروگرام خواتین کو خود کفیل بنانے کے ساتھ ساتھ صوبے اور ملک کی معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔ انہوں نے مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، محکمہ ترقی نسواں اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی ہنرمندی، کاروباری ترقی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے ایسے پروگراموں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
