مقامی ۱۸ جولائی ۲۰۲۶

آئی جی بلوچستان محمد طاہر کی نو منتخب ڈی ایس پیز کو جدید اور کمیونٹی پولیسنگ اپنانے کی ہدایت

کوئٹہ (ویب نیوز): انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی ہونے والے نو منتخب ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ڈی ایس پیز) سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید، اسمارٹ اور کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوام کو فوری ریلیف اور مؤثر انصاف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماتحت عملے سے بہتر کارکردگی لینا سپروائزری افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے اور بروقت کارروائی کے ذریعے جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ آئی جی پولیس نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام دوست رویہ اختیار کرتے ہوئے پولیس پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور مؤثر پولیسنگ کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز حسن اسد علوی، ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔