کوئٹہ (ویب نیوز) شمشاد رائٹرز فورم پاکستان کے مرکزی صدر اور پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے رکن حافظ محمد صدیق مدنی نے ضلع چمن میں جاری پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے دوران مدرسہ بحرالعلوم اور جامع مسجد میں زیرِ تعلیم بچوں کے ساتھ مبینہ امتیازی سلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیم نے ویکسین لگانے کے بعد دیگر بچوں کو آگاہی کے طور پر صابن فراہم کیا، تاہم مدرسہ اور مسجد کے بچوں کو اس سہولت سے محروم رکھا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر یہ سرکاری پالیسی ہے تو اس پر نظرثانی کی جائے اور اگر انفرادی اقدام تھا تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آئندہ تمام بچوں کے ساتھ بلاامتیاز اور مساوی برتاؤ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پولیو کے خاتمے کی قومی مہم کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
