مقامی ۱۱ مئی ۲۰۲۶

بلوچستان میں غربت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، ملک ولید توخی

کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل)معروف قبائلی، سماجی اور سیاسی شخصیت ملک ولید خان توخء نے کہا ہے کہ بلوچستان میں غربت، بے روزگاری اور مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ متعدد غریب خاندان فاقہ کشی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں صاحبِ حیثیت افراد، مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات اور انسانی ہمدردی کے تحت اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کی مدد کریں۔ کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو انسانیت کی خدمت، بھوکوں کو کھانا کھلانے، یتیموں اور مسکینوں کی کفالت اور دکھی انسانیت کے ساتھ تعاون کا درس دیتا ہے۔ آج معاشرے میں ایسے بے شمار سفید پوش خاندان موجود ہیں جو شدید معاشی مشکلات کے باوجود کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے گریز کرتے ہیں۔ ایسے خاندانوں تک خاموشی اور عزتِ نفس کو برقرار رکھتے ہوئے مدد پہنچانا صاحبِ ثروت افراد کی اخلاقی اور دینی ذمہ داری ہے۔ ملک ولید خان توخئی نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں سمیت شہری علاقوں میں بھی غربت میں خطرناک اضافہ ہو رہا ہے۔ مہنگائی نے مزدور، دیہاڑی دار طبقے اور کم آمدن رکھنے والے افراد کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ کئی گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور والدین اپنے بچوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔ ایسے حالات میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنی استطاعت کے مطابق کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ کوئی انسان بھوک اور محرومی کا شکار نہ رہے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے صاحبِ حیثیت لوگوں کے مال میں غریبوں اور محتاجوں کا حق رکھا ہے۔ اگر معاشرے کے مخیر حضرات اجتماعی طور پر غربا کی مدد شروع کریں تو نہ صرف بے شمار خاندانوں کی مشکلات کم ہو سکتی ہیں بلکہ معاشرے میں اخوت، بھائی چارے اور محبت کے جذبات بھی فروغ پائیں گے۔ انھوں نے نوجوانوں، سماجی کارکنوں اور فلاحی اداروں پر زور دیا کہ وہ مستحق خاندانوں کی نشاندہی کرکے ان کی مدد کیلئے مربوط اقدامات کریں۔ ملک ولید خان توخئی نے مزید کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور دکھی انسانیت کے چہروں پر خوشی لانا اللہ تعالی کی رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ملک و قوم کو معاشی مشکلات سے نجات دے اور ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد بانٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔