کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل)بی اے مال کے سامنے پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ حادثہ ایک اسکواڈ گاڑی کے ذریعے پیش آیا، جس کے فورا بعد متعلقہ اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں زخمی خواتین کو فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد اور تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی گئیں، بعد ازاں مزید بہتر علاج اور نگہداشت کے لیے دونوں مریضات کو آریا ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ متاثرہ خواتین اور ان کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن سہولت اور مکمل معاونت فراہم کی گئی جس میں طبی علاج، ٹرانسپورٹ کی سہولت اور قانونی امور میں تعاون بھی شامل ہے۔ ٹراما سینٹر اور اریا ہسپتال میں سی ٹی اسکین، ایکسرے اور دیگر تفصیلی طبی معائنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ دونوں خواتین کو ہڈیوں میں معمولی نوعیت کے فریکچر آئے ہیں جن کا علاج جاری ہے جبکہ الحمدللہ دونوں مریضات سر پر کسی بھی قسم کی چوٹ یا کسی سنگین طبی پیچیدگی سے محفوظ ہیں اور ان کی حالت تسلی بخش ہے۔ متاثرہ خاندان کی جانب سے تحریری رضامندی بھی جمع کروائی گئی ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے میں کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتے کیونکہ حادثہ غیر ارادی نوعیت کا تھا اور کسی فریق کو دانستہ طور پر ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو چکا ہے جبکہ دونوں خواتین کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات بدستور جاری ہیں۔ تاہم افسوس کے ساتھ یہ مشاہدہ کیا جا رہا ہے کہ بعض افراد اور چند میڈیا اداروں کی جانب سے غیر مصدقہ اور گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی ہیں جس کا مقصد بلاوجہ بدنامی اور صورتحال کو غیر ضروری طور پر خراب کرنا ہے، لہذا عوام اور میڈیا نمائندگان سے مدبانہ گزارش ہے کہ جھوٹی، قیاس آرائی پر مبنی اور غیر تصدیق شدہ خبروں کے پھیلا سے گریز کریں اور صرف مستند و تصدیق شدہ معلومات پر انحصار کیا جائے۔
