کوئٹہ (ویب نیوز) یمن کی حوثی جماعت انصار اللہ کے سربراہ عبدالمالک الحوثی نے خبردار کیا ہے کہ اگر سعودی عرب نے یمن کے خلاف کسی بھی جارحیت میں حصہ لیا تو سعودی عرب کی تمام اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں عبدالمالک الحوثی نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں عدم استحکام کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادی جنگوں کو ہوا دے کر فلسطین سمیت مختلف ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، جبکہ ’’گریٹر اسرائیل‘‘ کے قیام کے لیے مشرقِ وسطیٰ کا نقشہ تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
