تازہ ترین ۱۶ جولائی ۲۰۲۶

زیارت سانحہ پر بریک تھرو، حکومتی وفد اور دھرنا کمیٹی میں کئی نکات پر اتفاق رائے

کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
سانحہ زیارت کے شہداء کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی کے ساتھ حکومتی مذاکراتی وفد کے درمیان ہونے والے طویل مذاکرات اختتام پذیر ہوگئے۔ مذاکرات کے بعد حکومتی وفد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس روانہ ہوگئے ۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، جہاں دھرنا کمیٹی کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ بات چیت کے دوران متعدد اہم امور پر پیش رفت سامنے آئی اور کئی نکات پر دونوں فریقوں کے درمیان اتفاقِ رائے بھی پیدا ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں جوڈیشل کمیشن کے قیام سمیت کئی اہم مطالبات پر اصولی اتفاق ہوا، جبکہ دیگر مطالبات پر بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ حکومتی وفد وزیراعلیٰ بلوچستان کو مذاکرات کی مکمل رپورٹ پیش کرے گا، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل اور فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا

ذرائع کے مطابق حالیہ مذاکرات کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی امید مزید مضبوط ہوئی ہے، تاہم مطالبات کی حتمی منظوری اور ان پر عملدرآمد سے متعلق فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا

اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی،مابت کاکا، جاوید خان کاکڑ، رشید خان ناصر، ملک امان اللہ کاکڑ، ثناء اللہ کاکڑ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، پشتونخوا میپ مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال،جمعیت علماء اسلام کے مولانا کمال الدین، جماعت اسلامی کے عبدالمتین آخنذادہ، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی صدر احمد جان خان، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ،ایم این اے عادل خان بازئی، نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے آغا حسن بلوچ، مظلوم اولسی تحریک کے صدر عباس خان درانی ،سیاسی رھنما اسفندیار کاکڑ، شہداء کے لواحقین میں نسیم خان، ڈاکٹر عبدالصمد، طارق ترین، نواز خان، نقیب اللہ، فیروز خان، حاجی زین اللہ، ڈاکٹر ہدایت اللہ اور انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ اور حضرت علی اچکزئی نے شرکت کی۔ ادھر انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق مذاکرات کامیاب بنانے کے لئے انتہائی ضروری اعلانات متوقع ہے۔ ادھر دھرنا کمیٹی اور شہداء زیارت کے الواحقین کا ایک اہم مشترکہ اجلاس بھی جاری ہے۔ دھرنا کمیٹی نے مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں کل 17 جولائی بروز جمعہ پورے صوبے میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگا