کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی) بلوچستان کے ضلع مستونگ کے نواحی علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز اور شرپسند عناصر کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھڈ کوچہ کے مضافاتی علاقوں کنڈ عمرانی، گرو اور انجیری میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو تین مختلف مقامات پر نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد فورسز کی جوابی کارروائی پر دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کو متاثرہ علاقوں کی جانب پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مستونگ میں ہنگامی صورتحال (ایمرجنسی) نافذ کر دی ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال مستونگ ڈاکٹر سعید احمد میروانی کی خصوصی ہدایت پر تمام ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ تمام ایمبولینسز کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب سیکیورٹی کے پیش نظر قومی شاہراہ پر ٹریفک کو مکمل طور پر روک دیا گیا ہے اور حساس علاقوں میں عام شہریوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
تاہم تاحال سرکاری سطح پر ان مبینہ حملوں، کسی جانی نقصان یا جاری آپریشن کے حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید معلومات کا انتظار ہے۔



