کوئٹہ (ویب نیوز) امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران پر 90 منٹ تک جاری رہنے والے نئے فضائی حملوں کا سلسلہ مکمل کر لیا، جن میں آبنائے ہرمز کے قریب اور ایرانی ساحلی علاقوں میں درجنوں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ سینٹ کام کے مطابق آپریشن کے دوران گریٹر تنب جزیرے پر ایران کے ساحلی دفاعی نظام، کروز میزائلوں کے ذخائر اور لانچنگ سائٹس کو انتہائی درستگی سے تباہ کیا گیا۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں سے ایران کی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت مزید کمزور ہوئی ہے۔ اس سے قبل بھی امریکی فوج نے لڑاکا طیاروں اور ڈرونز کی مدد سے ایران کے خلاف سات گھنٹے طویل فوجی آپریشن کیا تھا۔
