کوئٹہ (ویب نیوز) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (کوئٹہ زون) اور الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ امن و امان کی صورتحال اور عوامی مشکلات کے پیش نظر کمشنر نے ینگ ڈاکٹرز سے احتجاج مؤخر کرکے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور تمام طبی سہولیات بحال کرنے کی درخواست کی۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حئی بلوچ نے اعلان کیا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج عارضی طور پر مؤخر کیا جا رہا ہے اور کل سے بلوچستان بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز سمیت تمام طبی خدمات مکمل طور پر بحال کر دی جائیں گی۔ کمشنر نے ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
