تازہ ترین ۱۵ جولائی ۲۰۲۶

آئی جی ایف سی کی آپریشن شعبان میں مصروف افسران و جوانوں سے فرنٹ لائن پر ملاقات، ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 121 تک پہنچ گئی

کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی سے) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جنوری سے شروع ہونے والا آپریشن شعبان بدستور جاری ہے، جس کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

فرنٹیئر کور نارتھ بلوچستان کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل محمد آصف مجتبیٰ نے آپریشن کے دوران مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فرنٹ لائن پر موجود افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور آپریشنل امور پر تبادلہ خیال کیا اور افسران و جوانوں کو اہم ہدایات اور رہنمائی فراہم کی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔ اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 121 تک پہنچ چکی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان جاری رہے گا۔