کوئٹہ ( روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل سے بے خبر، غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کیے ہوئے ہے، جبکہ عوام جان و مال کے تحفظ، امن و امان اور بنیادی سہولیات کی شدید کمی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ، تحصیل صدر کے ترخہ ہدہ علاقائی یونٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں نئی منتخب کابینہ نے حلف اٹھایا جبکہ مقررین نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کو مزید منظم اور فعال بنانے کے ساتھ عوامی مسائل کے حل اور جمہوری جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ عوام کو گیس، بجلی، صاف پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے، اس لیے پارٹی کارکنوں پر لازم ہے کہ وہ عوام کے حقوق کے لیے مؤثر آواز بلند کریں اور تنظیم کو مزید مضبوط بنائیں۔
